قومی اسمبلی سے منظور ہونے والاانسداد دہشتگردی تیسرا ترمیمی بل سینیٹ نے مستردکردیا ،بل کے حق میں 31،مخالفت میں 34 ووٹ پڑے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ میں انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل 2020 پیش کرنے کی تحریک پیش کی گئی ، تحریک سینیٹرسجادطوری نے پیش کی،ایوان نے تحریک پیش کرنے کی منظوری دےدی،انسداد دہشتگردی تیسرا ترمیمی بل سینیٹ سے مسترد ہو گیا .
پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بل کی مخالفت کی،بل کے حق میں 31 جبکہ مخالفت میں 34 ووٹ پڑے،سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیاگیا۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2020 میں تفتیشی طریقہ کار میں نئی تکنیک استعمال کرنے کی شق شامل کی گئی تھی جس کے تحت تفتیشی افسر عدالت کی اجازت سے 60 دن میں بعض تکنیک استعمال کرکے دہشت گردی میں رقوم کی فراہمی کا سراغ لگائے گا۔
انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کے تحت ان تکنیک میں خفیہ آپریشنز، مواصلات کا سراغ لگانا ، کمپیوٹر سسٹم کا جائزہ لینا شامل ہے جب کہ عدالت کو تحریری درخواست دے کر مزید 60 دن کی توسیع حاصل کی جا سکتی ہے۔