وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جمہوریت کے لیے جو سمجھوتا چاہتی ہےکرنے کو تیار ہیں لیکن کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ان کی کرپشن کی بات کی جائے تو کہا جاتا ہےکہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور بلیک میل کیاجارہا ہے، پہلے دن سے شروع کردیا کہ ہم الیکشن کو نہیں مانتے، ان لوگوں کا پاکستان میں مفاد ہی نہیں ہے، یہ صرف اپنے رہنماؤں کے چوری شدہ پیسے کی حفاظت کر رہے ہیں۔
عمران خان کاکہنا تھاکہ مجھے پتہ ہے کہ ان لوگوں کے پہلے حالات کیا تھے؟ اسحاق ڈار کو دیکھ کر لگتا ہے ان کے والد کی سائیکل کی دکان نہیں بلکہ مے فیئر میں مرسڈیز کا شوروم تھا جب کہ شریف فیملی کو دیکھ کرلگتا ہے کہ یہ گوالمنڈی میں نہیں بلکہ بکنگھم پیلس میں بڑے ہوئے ہیں، اتنا پیسہ کہاں سے آیا، جواب مانگو تو کہتے ہیں انتقامی کارروائی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو چاہتی ہے ملک کے لیے اور جمہوریت کے لیے ہم سمجھوتا کرنے کو تیار ہیں لیکن کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے آخر میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) کے بل کی منظوری پر ایوان کا شکریہ بھی اداکیا۔