آسٹریلیا کے گلین میکسویل کومیچ اورسیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔فائل فوٹو
آسٹریلیا کے گلین میکسویل کومیچ اورسیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔فائل فوٹو

تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دھول چٹا دی

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آخری ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے شکست دیدی۔ آسٹریلیا نے 302 رنز کا ہدف 7 وکٹ پر حاصل کرکے 3 میچزکی سیریز1-2 سے اپنے نام کرلی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ متاثر کن نہیں رہا اور میچ کی ابتدائی دو گیندوں پران کے دو کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئراسٹو نے نمایاں کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 112رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے جبکہ بلنگز نے 4 چوکوں اور2 چھکوں کی بدولت 57 رنزکی اننگ کھیلی۔

کرس ووکس نے دو چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے ٹیم کے اسکور میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے انگلش ٹیم کے 3 شکار کیے۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کا بھی آغاز کچھ خاص نہیں رہا محض 73 کے مجموعہ پران کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے بعد یہ واضح نظر آرہا تھا کہ آسٹریلیا 302 رنزکا ہدف بامشکل حاصل کرسکے گا۔

ایلکس کیری اورگلین میکسویل نے ناممکن کو ممکن بنادیا اورانگلینڈ کے ہاتھوں سے جیتی بازی چھین لی، دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 212 رنزکی شراکت قائم کی۔

گلین میکسویل نے 7 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے جبکہ ایلکس کیری نے7 چوکوں اور2 چھکوں کی بدولت 106 اسکور کیے۔آسٹریلیا کے گلین میکسویل کومیچ اورسیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔