مارکیٹوں کی ممکنہ بندش سے متعلق صوبائی کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔فائل فوٹو
مارکیٹوں کی ممکنہ بندش سے متعلق صوبائی کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔فائل فوٹو

ایس او پیزکی خلاف ورزی پر22 تعلیمی ادارے بند

ملک بھر میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر(ایس او پیز) کی خلاف ورزی اور بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث 22 تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔

کورونا کی وبا کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے مرحلہ وار15 ستمبر سے کھلنا شروع ہوگئے جس کے لیے ایس او پیز پرعملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں کورونا سے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پرملک بھر میں 22 تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیراختیار نہ کرنے پرتعلیمی اداروں میں وبا پھیلی ہے۔

سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 16 تعلیمی ادارے بند کیے گئے،آزاد کشمیر میں5 اوراسلام آباد میں ایک ادارہ بند ہوا۔ این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں سخت مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ادھرکراچی میں آئی بی اے (انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ) کو بھی کوویڈ 19 کے کیسز سامنے آنے کے بعد دو روزکے لیے بند کیا گیا ہے۔اس سے قبل اسلام آباد میں بھی رفاہ میڈیکل کالج اورہاسٹل کو کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سیل کیا جاچکا ہے۔

این سی او سی نے والدین اور اساتذہ سے بچوں کو اسکول بھیجتے وقت ان امورکا خیال رکھنے کی گزارش کی ہے۔

1۔ بچوں کو ماسک پہنا کراسکول روانہ کریں چاہے وہ کپڑے کا ہی کیوں نہ ہو۔

2۔ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہرہونے کی صورت میں اسکول ہرگزنہ بھیجیں۔

3۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو بچوں کا فوری ٹیسٹ کروایا جائے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنےکی صورت میں اسکول کو مطلع کیا جائے۔

4۔ بچوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

5۔ بچوں کا ہاتھ باقاعدگی سے دھونا یا ہینڈ سینیٹائیزرکا استعمال کرنا یقینی بنائیں۔