چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ہر شعبے میں خلا موجود ہے، اس کے منصوبوں میں تاخیرکی لاگت صارفین پرنہیں ڈالیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کے الیکٹرک کی درخواست پرنیپرا میں سماعت ہوئی، چیف فنانشل آفیسرکے الیکٹرک نے مؤقف پیش کیا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہمارے اندرخرابی نہیں، نیپرا کے الیکٹرک کو سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دے، اضافی سرمایہ کاری سے کے الیکٹرک کے نقصانات کم نہیں ہوں گے، 114 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اجازت روپے کی قدر میں کمی کے باعث مانگ رہے ہیں، اس سے صارفین کیلئے ٹیرف میں 7 پیسے کمی ہوگی۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ114 ارب کی سرمایہ کاری کے بعد ٹیرف میں کمی کیسے ہوگی؟ کے الیکٹرک اس حوالے سے اتھارٹی کو تفصیلات فراہم کرے، یہ ہمارا فرض ہے کہ آپ سے اخراجات کی تفصیلات طلب کریں، کے الیکڑک تفصیلات فراہم کرے کہ آپریشن اور مینٹینس پرکتنا خرچ ہوا اورآپ یہ رقم دوبارہ کیوں مانگ رہے۔
900 میگاواٹ کے منصوبوں میں تاخیر پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ اگر پاور پلانٹس میں کے الیکڑک کی تاخیر ثابت ہوگئی تو ٹیرف میں شامل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
چیف فناشل آفیسر نے جواب دیا کہ کےالیکٹرک کا 900 میگاواٹ پاورپلانٹ کا پہلا یونٹ2021 میں پیداوارشروع کردے گا، نیپرا ہدایت کے مطابق چیزیں ٹھیک کررہے ہیں۔
سماعت کے دوران نیپرا اتھارٹی کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ پربرہم ہوگئی، ممبر ٹیرف نیپرا سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ کراچی میں شدید گرمی ہے اورلوگ تڑپ رہے ہیں۔کے الیکٹرک حکام نے اعتراف کیا کہ کراچی کے 20 فیصد علاقے میں یومیہ 9 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے کیوںکہ اس وقت بجلی کی طلب 3200 پیداوار 2800 میگاواٹ ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے سے تیاری کیوں نہیں کرتی؟، کے الیکٹرک کے ہر شعبے میں خلا موجود ہے، ایسے حالات میں کمپنی کیسے چلے گی۔