فیروز آباد پولیس نے بہادر آباد کے بنگلے سے لیڈی ڈاکٹرکی لاش ملنے کے بعد قتل کا مقدمہ تحت درج کرکے مقتولہ کے قریبی رشتے دارکو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔
ایس ایچ او ماڈل تھانہ فیروزآباد انسپکٹراورنگزیب خٹک نے بتایا کہ 4 ستمبر کو بہادر آباد کے علاقے شبیر آباد میں واقع بنگلے سے 60 سالہ ڈاکٹر امت اللہ شیخ دختر غلام عباس کی 2 روز پرانی لاش کمرے سے ملی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پرانکشاف ہوا کہ لیڈی ڈاکٹرامت اللہ شیخ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا ، مقتولہ غیر شادی شدہ اورایک ہزارگزکے بنگلے کی پہلی منزل پر تنہا رہائش پذیر تھیں جبکہ گراؤنڈ فلورپران کی خالہ زاد بہن اپنے بیٹے کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔
مقتولہ مختلف اسپتالوں میں بطور سرجن کام کرتی رہی ہیں اور جس مکان میں وہ رہائش پذیر تھیں اس کے ساتھ والا ایک ہزار گز کا خالی پلاٹ بھی انہی کی ملکیت بتایا جاتا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی ان کی جائیدادیں بتائی جاتی ہیں اور شبہ ہے کہ انھیں جائیداد کے تنازعے پرقتل کیا گیا ہے۔
اورنگزیب خٹک نے مزید بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے کلاس فیلو ڈاکٹر ہمایوں بشیر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتولہ کے ایک قریبی رشتے دار کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے اور جلد ہی قتل کی وجہ اور اس میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا۔