پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹیکس سے متعلق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جاری کردہ تفصیلات درست نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ آصف زرداری نے 2018 میں 22 لاکھ 18 ہزار روپےانکم ٹیکس اداکیا۔
ترجمان کے مطابق آصف زرداری نے زرعی ٹیکس کی مد میں ایک کروڑ 99 لاکھ 87 ہزار 335 روپےٹیکس دیا۔
ترجمان کے مطابق اس طرح 2018 میں آصف زرداری کے ادا کردہ مجموعی ٹیکس کی رقم 2 کروڑ 22 لاکھ 55 ہزار روپے ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے سال 2019 میں 5 لاکھ 35 ہزار 243 روپے انکم ٹیکس ادا کیا، بلاول بھٹو کا اصل کاروبار زراعت ہے اسکی ٹیکس ادائیگی کو بھی شامل کیا جائے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سال 2018 میں 2 لاکھ 94 ہزار 117 روپے انکم ٹیکس ادا کیا، سال 2018 میں 38 لاکھ 58 ہزار روپے زرعی ٹیکس ادا کیا۔
ناصر شاہ کے مطابق بلاول نے سال 2017 میں 23 لاکھ 7 ہزار 152 روپے انکم ٹیکس دیا، سال 2017 میں 39 لاکھ 58 ہزار 330 روپے زرعی ٹیکس ادا کیا۔
ناصر شاہ کے مطابق بلاول نے سال 2016 میں 5 لاکھ 51 ہزار 700 روپے انکم ٹیکس دیا، سال 2016 میں 39 لاکھ 58 ہزار 65 روپے زرعی ٹیکس ادا کیا۔
خیال رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ارکان پارلیمنٹ کی سال 2018 کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی ہے جس کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے 28 لاکھ 91 ہزار 455 روپے ٹیکس ادا کیا۔