سینیٹ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے میاں عتیق اور ن لیگ کے مشاہد اللّٰہ خان پھر الجھ پڑے، دونوں اراکین کے درمیان پرسوں جہاں جھڑپ رُکی تھی آج پھر وہیں سے آغاز ہوگیا۔
دونوں سینیٹرز نے ایک دوسرے پر الزامات اور نامناسب لفظوں کی بوچھاڑ کردی۔
مشاہد اللّٰہ کے سوال کے دوران میاں عتیق بیچ میں کود پڑے اور بولے یہ لوگوں کی عزت خراب کرتےہیں، انہیں ایوان سے باہر نکالیں۔
مشاہد اللّٰہ نے کہا کہ جو بھتہ خور اور قاتل ہے اسے نکالا جائے۔
سینیٹر مشاہد اللّٰہ خان نے کہا کہ ہم شریف لوگ ہیں، میں نے کراچی میں 260 لوگوں کو نہیں جلایا، جن لوگوں نے بلدیہ فیکٹری کو آگ لگائی اور بھتے لیے انہیں ایوان سے باہر کیا جائے۔
دونوں کے سخت جملے اجلاس کے دوران جاری رہے، جبکہ چیئرمین سینیٹ دونوں سینیٹرز کو چپ کرواتے رہ گئے۔