لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے اور وہ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف نے دعوت قبول کر لی ہے اور وہ اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
انہوں ںے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کے درمیان فون پر سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے نواز شریف کی صحت دریافت کی اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کل(جمعہ کو) چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
دوسری جانب نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت اور خطاب کے فیصلے کی تصدیق ن لیگ کی جانب سے بھی ہوگئی ہے اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر نشر کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی 20 ستمبر کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی منعقد کرے گی جس میں حزب اختلاف کے رہنما شرکت کریں گے۔ ایکسپریس ذرائع کے مطابق نواز شریف اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ علاج کے لیے بیرون وطن روانگی کے بعد یہ کسی سیاسی سرگرمی میں ان کی پہلی باضابطہ شرکت ہوگی۔