اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے وزیر مواصلات مراد سعید کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی ہے۔ درخواست میں سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹر ویز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر وکیل درخواست گزار کا کہناتھا کہ عدالت نے نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس2000 پرمکمل عملدرآمد کا حکم دیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ سیفٹی آرڈیننس2000 پرمکمل عملدرآمد کا حکم میں نے دیا تھا اورمناسب ہے کہ توہین عدالت کی درخواست کوئی اور بینچ سنے۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ آپ کا فیصلہ ہے، توہین عدالت کی درخواست بھی آپ نے ہی سننی ہے۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا عدالت کا فیصلہ برقرار ہے؟ کہیں چیلنج یا معطل تو نہیں ہوا؟
عارف چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالت کا آگاہ کیا کہ عدالتی فیصلہ موجود ہے جس پرعمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹروے اورنیشنل ہائی وے پرنیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 پرمکمل عمل درآمد کا حکم دیا تھا۔