کالا کبھی سفید نہیں ہو سکتا جب تک خود اس کو ٹھیک کرنے کیلئے محنت نہ کی جائے، چوہدری شجاعت
کالا کبھی سفید نہیں ہو سکتا جب تک خود اس کو ٹھیک کرنے کیلئے محنت نہ کی جائے، چوہدری شجاعت

نوازشریف نے ہر دفعہ اقتدار ملنے کے بعد فوج سے لڑائی کی۔چوہدری شجاعت

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ نوازشریف نے سیاستدانوں کی بجائے فوج کو ہدف تنقید بنایا،جن مشیروں نے تقریر لکھی اورکروائی انہوں نے نوازشریف کے پائوں پرکلہاڑی ماری ،ان کی تقریرکا مفہوم یہ ہے کہ نوازشریف سیاستدانوں کے نہیں فوج کے خلاف ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ نوازشریف نے ہر دفعہ اقتدار ملنے کے بعد فوج سے لڑائی اوراداروں کو کمزورکیا،نوازشریف کوقومی استحکام، یکجہتی اور ملکی سلامتی پیدا کرنا چاہیے تھا جوانہوں نے نہیں کیا۔

صدر ق لیگ نے کہاکہ نوازشریف کے مطابق ملک کو لیبارٹری بنا دیا گیا جبکہ اس کی بنیاد انہوں نے خود رکھی تھی،نوازشریف نے 1990 کے الیکشن میں دن 12بجے خود ہی رزلٹ کا اعلان کردیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے ہی الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ فوج الیکشن کی ذمے داری لے،نوازشریف نے اداروں پرانتخابات کو ہائی جیک کرنے اور بددیانتی کا الزام لگایا،یہی کام نوازشریف خود وزیراعظم بننے کےلیے کر چکے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ چیئرمین نیب کی نامزدگی خود نوازشریف نے ہی کی تھی،فیصلے نوازشریف نے نہیں بلکہ عوام نے کرنے ہیں، اب عوام دوبارہ بددیانتی کے فیصلوں کو قبول نہیں کرے گی۔