کراچی: حکومت سندھ نے اپنے اعلان کردہ کراچی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔
کراچی نیبرہوڈ امپروومنٹ پروگرام کے تحت ملیر سعودآباد چورنگی تا تھڈو نالہ تک سڑک کی تعمیر شروع کردی گئی ہے جو کراچی پیکیج کا حصہ تھی اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت و مشیر برائے وزیراعلی بیرسٹر مرتضی وہاب نے منصوبے کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سعودآباد چورنگی تا تھڈو نالہ تک معیاری شاہراہ تعمیر کی جارہی ہے اس شاہراہ پر ملیر کھوکھرا پار کے مقام پر قائم برج کی مرمت اور اسے دو رویہ کیا جارہا ہے، یہ منصوبہ سندھ حکومت کے 101 ارب روپے کے کراچی پیکیج کا حصہ تھا جسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا، سندھ حکومت نے شہریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ اس شاہراہ کو عوام کے لئے آئندہ ماہ کے آخر یعنی اکتیس اکتوبر 2020 تک کھول دیا جائے گا ، ہم صوبے کی عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں پیپلزپارٹی اپنے منشور عوام کی خدمت کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ شہر کی بہتری اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبے بھی بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ ہم پر تنقید کرنے والے دیکھ لیں کہ کس طرح پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل کررہی ہے۔