جے یو آئی ف کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن نیب میں اکیلے نہیں 30لاکھ کارکنوں کے ساتھ پیش ہوں گے۔
خیال رہے کہ نیب خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمن کو یکم اکتوبر کو طلب کیا ہے، نیب نے مولانا فضل الرحمن سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ثبوت مانگے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن پرآمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے اور مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں۔
جے یو آئی ف سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اکیلے نہیں بلکہ 30لاکھ کارکنوں کے ساتھ نیب خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوں گے،تمام اپوزیشن جماعتیں اور سینئر سیاسی قیادت نے اب اس ناجائز اور عوا و ملک دشمن حکومت سے ملک اور عوام کو نجات دلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اب اس کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔
دوسری جانب مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) نے کبھی ایک لمحے کے لیے بھی لچک نہیں دکھائی، ایک دو روز میں مزید اچھے فیصلے قوم کے سامنے آئیں گے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم حقیقی جمہوریت اورآئین کی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں،آج رہبر کمیٹی کا اسلام آباد میں اجلاس ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکمرانوں کا دماغی خلل ہے جب اس کے خلاف بات ہوتی ہے یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہ کرپشن کو بچانے اورانڈیا کو خوش کرنے کیلیے حکومت کو گرانا چاہتے ہیں، اکتوبر میں جب ہم نے آزادی مارچ کیا تو اس وقت بھی یہی واویلا کیا گیا تھا۔