علیمہ باجی کے بیرونِ ملک جائیدادوں پرکوئی بات کرنےکو تیار نہیں،صدر مسلم لیگ ن
علیمہ باجی کے بیرونِ ملک جائیدادوں پرکوئی بات کرنےکو تیار نہیں،صدر مسلم لیگ ن

عمران خان کی خواہش ہے کہ میں جیل چلاجاؤں، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے میں جیل چلاجاؤں، آواز اٹھانے کی پاداش میں مجھ سمیت دوسروں کو جیل بھی جانا پڑا تو ہم تیار ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت اور وزیراعظم سے 22 کروڑ عوام مایوس ہوچکے ہیں، حکومت نے سوا دو سال میں قوم کے لیے کیاکیا؟ یہ سب دیوار پر لکھا نظرآرہا ہے، پی ٹی آئی نے حکومت میں آنے سے پہلے عوام کو سہانے خواب دکھائے تھے لیکن عوام کی حکومت سے بے زاری کی انتہا پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن اکاؤنٹس کیس کا فیصلہ ابھی تک نہیں آیا، علیمہ باجی کے بیرونِ ملک جائیدادوں پرکوئی بات کرنےکو تیار نہیں، علیمہ باجی نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ لیا، عمران نیازی نے بھی ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ لیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں صعوبتوں سے گزرچکے ہیں، عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا سہہ سکیں، ہم دودھ کے دھلے نہیں، مگر نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک میں غلط مقدمے کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
جی ایچ کیو کو نہ سیاسی معاملات پر بلانا چاہیے اور نہ سیاسی قیادت کو وہاں جانا چاہیے: مریم
آرمی چیف سے آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے ملاقات ہوئی: شہباز شریف کا اعتراف
شہباز شریف کا قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانبداری پر کہنا تھا کہ چینی اور ادویات اسکینڈل کا کیا ہوا؟ چینی اسکینڈل کے ملزم عمران خان اور عثمان بزدار ہیں، مجھے بتائیں کہ عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل کا کیا بنا؟ اگر فیس نہیں کیس دیکھتے ہیں تو دودھ کادودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے تھا، فیس نہیں کیس دیکھنے کا دعویٰ کرنے والے کیوں چپ ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ آواز اٹھانے کی پاداش میں مجھ سمیت دوسروں کو جیل بھی جانا پڑا تو ہم تیار ہیں، ہمارے بےشمار منصوبوں میں ایک دھیلےکی کرپشن سامنے نہیں لائی جاسکی لیکن اب ایف آئی اے، آئی بی بھی فعال ہوگئی ہے اور لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہےکہ میں جیل جاؤں، میرے خلاف کرپشن ثابت ہوجائے تو میرے مردہ جسم کو لٹکا دیا جائے۔

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے حوالے سے شہباز شریف کا کہناتھا کہ بی آر ٹی کی 4 بسیں جل چکی ہیں، وہ کہتے ہیں پنجاب میں میٹروبس کیلئے چین سے قرضہ لیا، تو آپ نے بی آر ٹی کیا مفت میں بنوائی؟ آپ نے ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) سے قرضہ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی میں کروڑوں نہیں، اربوں کی کرپشن ہوئی، میں نے منصوبوں پر ایک ہزار ارب روپے بچائے، پنجاب میں 57 کلومیٹر کے 3 میٹرو منصوبے 100 ارب میں بنے اور پشاور کی 27 کلومیٹر کی بی آر ٹی 100 ارب میں بنی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ الیکشن میں آر ٹی ایس فیل ہوا جس کے نتیجے میں حکومت بنی، میں اور نواز شریف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کو دوبارہ ترقی پر ڈالنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے، ملک کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔