جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مولانا فضل الرحمان کے قد کاٹھ کا اندازہ نہیں لگایا۔
گزشتہ روز نیب خیبرپختونخوا نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے پر یکم اکتوبر کو طلب کیا ہے۔
اس معاملے پر جے یو آئی کے سینیئر رہنما و اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی وجہ سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے مولانا فضل الرحمان کے قد کاٹھ کا اندازہ نہیں لگایا، ان کے نیب میں پیش ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
خیال رہے کہ نیب کے مولانا فضل الرحمان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جواب سے مطمئن نہ ہونے پر گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔