مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے فوج کو 500 ارب دے کرانھیں وسائل فراہم کیے جس سے ہر جنگ جیتی جا سکتی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے ملتان ہائیکورٹ بارمیں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، امریکی مصنف نے 22 سال قبل پاکستان کے مستقبل کی پیش گوئی کی تھی،تاہم وہ پیش گوئی مسترد کردی گئی لیکن آج وہ سچ ہوگئی۔ امریکی مصنف نے لکھا تھا قوی امکان ہے پاکستان کی ریاست ناکام ہوجائے ، کیونکہ پاکستان میں طاقت کا مرکز اسٹیبلشمنٹ ہے، بظاہر اختیارات پارلیمنٹ کے پاس ہیں لیکن اصل طاقت اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے۔
امریکی مصنف نے مزید لکھا تھا ممکنہ طور پر تین پہلو پاکستان میں سامنے آ سکتے ہیں، پاکستانی ریاست انتظامی ڈھانچہ اندرونی تضاد کا شکار ہے، جس ملک میں دو طاقتیں ہوں وہ نا کامیاب رہے گی نا ناکام ہوگی۔ 22 سال بعد ہم ان ناقدین کو سچا ثابت کر رہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں 5 مرتبہ قومی اسمبلی کا ممبر بنا، چھٹی بار مشرف نے مجھے ہرایا، افسوس سے کہتا ہوں پاکستان کو کبھی آگے نہیں بڑھنے دیا گیا، ہمیشہ پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، پاکستان 1999 میں خوشحال تھا، پیسے کی قدر زیادہ تھی اورآج 2020 میں پاکستان جنوبی ایشیا میں کم ترین گروتھ ریٹ پر کھڑا ہے، آج پاکستان کا روپیہ کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ ، افغانستان کو کون سا سرخاب کا پر لگا ہے جو وہ آگے نکل گئے ہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہاکہ ہم نے فوج کو 500 ارب دے کر انھیں وسائل فراہم کیے جس سے ہر جنگ جیتی جا سکتی تھی، جب وسائل ملے تو ہماری افواج نے دہشت گردی کے خلاف ہر وہ جنگ جیتی جو امریکا افغانستان میں ہار کر واپس جا رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مسلح افواج کو کہا جنگ لڑیں حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ہم نے مسلح افواج کو آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد میں 5 سو ارب مہیا کیے۔ نواز شریف حکومت نے مسلح افواج کو تمام وسائل فراہم کئے جس سے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔
احسن اقبال نے کہاکہ 2018 میں اس حکومت کو دھاندلی سے باہر کر دیا گیا۔ سندھ اور خیبر پختونخوا میں وہی حکومت اور پنجاب میں جس کی دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں اسے دھاندلی سے ہرا دیا جاتا ہے۔ 2013 میں ہمیں ملک اس حال میں ملا تھا کہ 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، بم دھماکے اور معیشت تباہ تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ہم نے عوام سے کیے وعدوں کو پورا کیا، منسٹری آف پلاننگ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد مجھ سے سوال ہوا کہ ملک کا خزانہ ہے،غیب سے مدد سی پیک کی صورت میں آئی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس ملک کے جام پہیے کو چلانا ہے تو جمہوریت کی بحالی کرنا ہوگی،2018 کے الیکشن میں جس حکومت نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا، سی پیک منصوبہ لائے اسے دھاندلی سے ہرا دیا گیا۔