ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک پرمسلط کیا گیا، 2018 کے آرٹی ایس کو بٹھانے کا تسلسل جاری ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات آ رہے ہیں، یہ شہباز شریف کو گرفتارکرانا چاہتے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف دی جانے والی درخواست میں بھی جعلسازی کی گئی، شہباز شریف کیخلاف 58 والیم پر مشتمل ریفرنس دائرکیا گیا، 58 والیم اور110 گواہوں کے بیانات میں ایک لفظ شہباز شریف کیخلاف نہیں، شہباز شریف 60 دن نیب کے عقوبت خانے میں تھے، شہباز شریف کیخلاف ریفرنس دائر ہوچکا، اب گرفتاری کیوں ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ایک نالائق اور کرپٹ ٹولہ پاکستان پر مسلط کیا گیا، یہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، آٹا چوری کا رنگ لیڈر نظر نہیں آتا، عمران خان نیب کے ذریعے شہباز شریف کو کیوں گرفتارکرانا چاہتے ہیں؟ قانون کا قتل کر کے اپنی مرضی کے مطابق استعمال کیا گیا، شہباز شریف اے پی سی کے ہر فیصلے پرعمل درآمد کریں گے۔