ہندو برادری بھارت میں گیارہ پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار ہلاکت کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔فائل فوٹو
ہندو برادری بھارت میں گیارہ پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار ہلاکت کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔فائل فوٹو

پاکستانی ہندو برادری کا بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا

بھارت کے شہر جودھپور میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی پراسرار ہلاکت کے خلاف ملک بھر سے ہزاروں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں اسلام آباد پہنچنے والے ہندو برادری کے افراد نے اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنا دیدیا۔

قبل ازیں ملک کے مختلف شہروں سے جب قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئے تھے تو شرکا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ یہ نعرے بازی کا سلسلہ پورے راستے جاری رہا اورتاحال جاری ہے۔

ہندو برادری کے قافلے گزشتہ شب سندھ سے جب پنجاب میں داخل ہوئے تھے تو ان کے قافلے میں 100 بسیں شامل تھیں۔ احتجاجی قافلے بھارت میں پراسرارطورپرقتل ہونے والے ہندوؤں کے ورثا بھی شامل ہیں۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں پاکستانی ہندوؤں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو وہ عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

مظاہرین نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بھارت میں موجود آر ایس ایس اور را کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔ احتجاجی مظاہرین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ عالمی عدالت انصاف سے انہیں انصاف دلوائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دو دن قبل اعلان کیا تھا کہ بھارت کے شہر جودھپور میں پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت پر بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف ہندو برادری اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنا دے گی۔

اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جودھپور واقعہ کے خلاف ملک بھر سے ہندو برادری کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے اور24 ستمبرکو بھارتی ہائی کمیشن کے باہراحتجاجی دھرنا دیں گے۔