لاہور: سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، اور پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ہڈیاں بھی فریکچر ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر مملکت اور لیگی رہنما طلال چوہدری پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری گھر سے مدینہ ٹاون جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی روک لی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، لیگی رہنما کا بائیاں کندھا متاثر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں، اور ہڈی جوڑ کا ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ طلال چوہدری شدید زخمی ہونے کی وجہ سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں اسپتال کے ایگزیکٹیو روم میں رکھا گیا ہے، ان کے سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئی ہیں، اور ان کی مختلف جگہ سے ہڈیاں بھی فریکچر ہوئیں، ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ان کی سرجری کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری پر مبینہ طور پر مسلم لیگ کی ایک خاتون ایم این اے کے بھائیوں نے تشدد کیا ہے، لیگی خاتون ایم این اے کا تعلق بھی طلال چوہدری کے شہر فیصل آباد سے ہی ہے۔