جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ، اس دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا۔
جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد خان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے بعدکی صورت حال اور اپوزیشن تحریک کے ایکشن پلان پر مشاورت کی۔
مولانا امجد خان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کے نئے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سربراہی اور اسمبلیوں سے استعفوں کے لیےکمیٹی کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو میں کہا کہ عوام اپوزیشن کی طرف دیکھ رہے ہیں، اے پی سی میں طے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ حالات کا زیادہ دیر تک متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کا مستقبل حقیقی جمہوریت اور آئین پر عمل درآمد میں ہے۔
خیال رہے کہ ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے گذشتہ دنوں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے پی سی سے لندن میں موجود ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا تھا۔