کراچی:نوری آباد کے قریب وین میں آتشزدگی 9مسافر جاں بحق
کراچی حیدر آباد موٹروے پر نوری آباد کے قریب مسافروین میں آگ لگنے سے 13 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ہیں۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق مسافر وین میں آتشزدگی کا حادثہ کراچی سے 70 کلو میٹر دور پیش آیا، جس میں20سے 22 افراد سوار تھے۔
موٹروے پولیس کے مطابق آتشزدگی کا شکار ہونے والی مسافر وین حیدرآباد سے کراچی آرہی تھی،حادثے میں 1سالہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی جبکہ وین کا ڈرائیور بھی محفوظ رہا۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کے فوری بعد 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ متعدد زخمی مسافروں کو نکال لیا گیا تھا جن میں سے مزید 4 بعد میں دم توڑ گئے۔
جائے حادثہ پر ریسکیو کاموں میں مصروف موٹروے پولیس نے مسافروں کو نوری آباد اسپتال منتقل کیا۔
دوسری طرف ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے والی مسافر وین حیدر آباد سے کراچی آرہی تھی کہ نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کے لیے روانہ کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو نے حادثے میں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ڈپٹی کشمنر جامشورو فرید مصطفیٰ کے مطابق حادثے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے وین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اویس شاہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائیں گے۔