آرمینیا اورآذربائیجان کی فوجوں کے درمیان ” نگورنو کارا باخ “ کے مسئلے پر فوجی جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے جبکہ روس نے بھی فوری جنگ بندی کی اپیل کردی ۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایٹڈ پریس کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ آرمینیا نے آذر بائیجان کے دو ہیلی کاپٹرز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور وزارت دفاع کے ترجمان کا کہناتھا کہ آذربائیجان کے تین ٹینکوں کو بھی نشانہ بنا یا گیاہے لیکن فی الحال جانی نقصانات کے حوالے سے کوئی تصدیق موصول نہیں ہوئی۔
آرمینیا نے الزام عائد کیاہے کہ آذر بائیجان کی جانب سے حملے اور گولہ باری کی گئی ۔ آرمینیا نے صورتحال سے نمٹنے کیلیے فوری طور پر مارشل لاکا اعلان کر دیاہے اور اپنی تمام فوجییں سرحد پر تعینات کرنے کیلیے تیاریاں تیز کردی ہیں ۔
اس صورتحال کے پیش نظر روس نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے آرمینیا اور آذر بائیجان سے جنگ بندی کرنے کی اپیل کی ہے ۔