پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 192 کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی کیٹگریزکا اعلان کر دیا۔
پی سی بی حکام کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کنٹریکٹ کی کیٹگریزکے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف انداز سے کیا گیا ہے، 192 کھلاڑیوں میں سے 10 کرکٹرزکو اے پلس کیٹگری سے نوازا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں 38 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا جبکہ بی کیٹگری 47 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
کیٹگری سی مجموعی طور پر 71 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق 26 کھلاڑیوں کو کیٹگری ڈی میں جگہ دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے پلس کیٹگری کے کھلاڑیوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا جب کہ اے کیٹگری کے کھلاڑیوں کو 85 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ بی کٹیگری کے کھلاڑیوں کو 75 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا اور سی کیٹگری کے کھلاڑیوں کو 65 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا۔ڈی کیٹگری میں شامل 26کھلاڑیوں کو 40 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا۔