وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ لوگ کہہ رہے ہیں شہباز شریف کی گرفتاری عدالت اور وزیراعظم کا گٹھ جوڑ ہے، یہ توہین عدالت ہے۔
شہزاد اکبر کے ہمراہ مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہمارا کورٹ کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں، ہم عدالت کی عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ادارے اپنے فیصلے خود کریں اور ان میں سیاسی مداخلت نہ ہو، عمران خان کا فوکس کاروبار نہیں بلکہ ملکی ترقی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے جہدوجہد کرتے ہوئے ملک کے لیے کام کیا اور اُن کا قول و فعل ایک ہی ہے، ان کے جو اثاثے تھے وہ پاکستان لائے۔
شہزاد اکبر نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کو فرمائشی پروگرام قرار دیدیا
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو سزا سادہ سی بات پر ملی کہ وہ عدالت کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، وہ سمجھتے ہیں کہ ان سے سوال پوچھنا ان کی شان میں گستاخی ہے تو یہ نہیں ہوگا۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ پیسا صحیح طریقے سے کمانا منع نہیں ہے، سیدھے سوالا ت کا جواب دیں کہ آپ نے اثاثے کیسے بنائے اور باہر کیسے لے کر گئے؟ شہباز شریف کی گرفتاری کی ایک وجہ یہ ہے وہ عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی اپنے اثاثوں سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کر سکے تھے، اس لیے انہیں سزا ہوئی، آج مریم نواز دعویٰ کررہی تھیں کہ ہم تو خاندانی رئیس ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ کی پاکستان کے ساتھ کیا کمٹمنٹ ہے کیونکہ آپ کے سارے اثاثے تو باہر ہیں، یہ لوگ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کو استعمال کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں صرف ایک بات ہوئی کہ عمران خان جائے اور صرف اس لیے جائے کیونکہ وہ جھکتا اور بکتا نہیں ہے۔