اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لوگ باہرنکلے توحکومت کوگھرجانا پڑے گا۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف اندر گئے ہیں، کل ہم سب نے اندر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن یہ سب ہونا ہے۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ عوام نکلی تو عمران خان کو کسی کی سپورٹ کام نہیں آئے گی۔
ہم نیوز کے مطابق سابق صدر پاکستان نے کہا کہ ملک میں معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور عالمی سطح پر کیا پیغام جا رہا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
احتساب عدالت نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔
سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری ، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اورملزم عبدالغنی مجید نےعدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔
آصف علی زرداری اور فریال تالپور ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ملزم عبد الغنی مجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔
ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کے بعد عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔
آئندہ سماعت پر احتساب عدالت نے گواہان احسن اسلم، محمد عاطف اور منظور حسین کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔