انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت کے انتقامی اقدامات کے باعث دفاتر بند کر دیے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مودی سرکارانسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف ایک مہم چلا رہی ہے۔ دفتر میں کام کرنے والے افراد کے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو فارغ کرکے تمام کام روکنا پڑا ہے۔
عالمی تنظیم کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت دہلی فسادات اور مقبوضہ کشمیر کے متعلق آوازیں دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ انہیں اپنے کام کی وجہ سےبھارت کی حکومت کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ اس وجہ سے انڈیا میں اپنے آپریشن بند کر رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ایمنسٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ دہلی پولیس نے فروری میں ہونے والے فسادات کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔ دہلی پولیس نے ایمنسٹی کی رپورٹ کو یکطرفہ، متعصبانہ اور بدنیتی پر مبنی ہے قرار دیا تھا۔
ایمنسٹی نےکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ایک برس مکمل ہونے پر بھارتی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ حراست میں لیے گئے تمام سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور صحافیوں کو رہا کرے۔