مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم
مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم

اپوزیشن تحریک حقیقی جمہوریت بحال کرکے ہی مکمل ہوگی،شاہد خاقان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے تشکیل دیے گئے اتحاد کے اراکین نے میڈیا سے بات چیت کی۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنمااور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسٹیرنگ کمیٹی پی ڈی ایم اے کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کی اس تحریک سے ملک میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی اور یہ تحریک غیرجمہوری عمل سے نجات دلا کر ہی مکمل ہوگی۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گیارہ اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ ہوگا، پی ڈی ایم کی تحریک پورے ملک میں چلے گی۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہناتھا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، آج ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں عوامی مسائل پر بات کی گئی۔ انہوں ںے کہا کہ جمہوریت کو بحال کرنے اور عوام کی تکالیف دور کرنے کے لیے اجلاس میں بات ہوئی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک میں چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں مرکزی جلسے منعقد ہوں گے۔