مریم نوازکے ممکنہ جلسوں سے خطاب کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت اور ترجمانوں کو مشاورت کیلیے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس 2 اکتوبر جمعہ کے روز ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے جلسوں کے اعلان پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں حکومتی مؤقف پر بریفنگ دیں گے، جب کہ اپوزیشن کی تنقید کے بعد اداروں کے دفاع کيلیے اہم ٹاسک بھی ديا جائے گا۔
نوازشریف کی اداروں پر بڑھتی تنقید اور اپوزیشن کی تحریک کے معاملے پر وزیراعظم نے قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے کیلیے ترجمانوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ترجمانوں کا اجلاس 2 اکتوبر جمعہ کی شام 4 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا، جس میں سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی اور ملکی سیاسی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔