پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کرلی۔
خواجہ آصف نے ایک بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہےکہ سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق میرا بیان سیاق و سباق سے الگ تھا، میرے بیان سے اگر اُن کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ مجھے آج بھی آصف علی زرداری پر تحفظات ہیں، ان کے بارے میں میری رائے تبدیل نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہ میں بار بار کہوں گا کہ مجھے آصف زرداری پر یقین نہیں، ’میں نے جو بیان دیا ہے، اس پر کچھ لوگوں کو پتہ ہے کہ اس کا کیا ریفرنس ہے، تو میرے لیے بہت مشکل ہے ان پر یقین کرنا‘۔
خواجہ آصف کے بیان پر لندن میں صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ دل پر ایسی باتیں لگی ہیں، جب دل زخمی ہو تو ایسی باتیں تکلیف دیتی ہیں‘۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کی بالکل یہ پالیسی نہیں ہے، آصف زداری کے لیے دل میں بڑا احترام ہے، وہ پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) کا حصہ ہیں، ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔