ملکی حزب اختلاف کی 11 جماعتوں پر مشتمل ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن کو سربراہ مقرر کردیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، نواب اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیرحیدر خان ہوتی اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی کی رہبر کمیٹی نے مولانا فضل الرحمن کو ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ (پی ڈی ایم) کا سربراہ بنانے کی سفارش کی تھی۔
دوسری جانب پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک کا آغاز11 اکتوبرکو کوئٹہ میں جلسہ عام سے کرے گی۔
واضح رہے کہ حزب اختلاف کی 11 جماعتوں نے حکومت کے خلاف ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے اتحاد تشکیل دیا ہے۔
اس اتحاد میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔