آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپوں میں مزید شدت آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان نے نوگورنوکاراباخ کےشہر استپاناکرت کو نشانہ بنایا ہے۔ نوگورنوکاراباخ کی انتظامیہ نے مزید 55 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آرمینیائی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 147 ہو گئی ہے۔ سات دنوں میں دونوں طرف سے فوجیوں اور شہریوں سمیت 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آذربائیجان نے کاراباخ سے آرمینیا کےانخلاء تک جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
اقوام متحدہ نے آذر بائیجان اور آرمینیا سے جنگ بندی کی اپیل کردی
یاد رہے کہ چند روز قبل اقوام متحدہ نے آذر بائیجان اور آرمینیا سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گو تریس نے آذر بائیجان اور آرمینیا کے درمیان شروع ہونے والی جنگ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک فوری طور پر جنگ بند کریں اور تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کریں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتو نیو گو تریس نے طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے۔