امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ میں کورونا کی تشخیص کے بعد چین، روس اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے سربراہان مملکت نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر اور ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد آج ٹرمپ کو طبیعت ناساز ہونے پر ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔
امریکی صدر میں کورونا کی تشخیص کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے ان کی صحتیابی اور نیک تمناؤں کااظہار کیا جارہا ہے۔
روایتی حریف چین اور روسی صدور نے بھی صحتیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلی گرام کے ذریعے امریکی صدر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آپ جلد صحتیاب ہوں گے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی ٹرمپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ، اس کے علاوہ پاکستان، بھارت، سعودی عرب ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے بھی سربراہان مملکت نے بھی ان کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود اسپتال سے صدارتی انتخاب کی مہم چلائیں گے۔