وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے بل پر جو چیزیں شریعت کے خلاف ہیں ان پر علماء کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا۔
جامعۃ الرشید کراچی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مسلم ممالک عالمی سازش کا شکار ہیں، دیگر ممالک کی طرح ہمارے ملک میں بھی فرقہ واریت کی سازش رچائی جارہی ہے، ملک کو کمزورکرنے کے لیے لسانی بنیادوں کو ہوا دی جارہی ہے اور دشمن قوم کو تقسیم کرنے کیلیے سازشیں کررہا ہے، ہمیں اس بیرونی سازش کو ناکام بنانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا سب سے مضبوط رشتہ پاکستانیت کا ہے، ہمیں اس اصول کو اپنانا ہوگا، ترقی اور بہتری کے لئے وسیع فکر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، بحث و مباحثہ میں بھی ہمیں محبت کی زبان کا استعال کرنا چاہیئے، ایف اے ٹی ایف کے بل پر جو چیزیں شریعت کے خلاف ہیں ان پرعلما کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں۔