کورونا کیسز بڑھنے پر آزاد کشمیر میں دوبارہ سے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن کا فیصلہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.3 فیصد ہے جو پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ریاست میں مذہبی اجتماعات، سیاسی اور سماجی تقریبات بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ انٹری پوائنٹس پر چیکنگ، ٹرانسپورٹ و تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکام کو لاک ڈاؤن کے حوالے سے دو روز میں ضابطہ کار طے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گھر سے باہر اور دفاتر میں ماسک کی مکمل پابندی کروائی جائے گی اور خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں اب تک کورونا سے 2816 افراد متاثر اور 76 اموات ہو چکی ہیں۔