روم: اٹلی اور فرانس کے پہاڑی علاقوں میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق اٹلی اور فرانس میں مسلسل ہونے والی بارشوں سے پہاڑی علاقوں سے سیلابی ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں درجنوں گھر تباہ ہوگئے۔
اٹلی میں سیلابی ریلے سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں ایک لاش ریسکیو ادارے کے ایک اہلکار کی ہے جب کہ دوسری لاش ایک شہری کی ہے۔ اٹلی کے اسپتالوں میں 70 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
اٹلی و فرانس میں سیلابی ریلے میں کئی کاریں بہہ گئیں، مجموعی طور پر 30 افراد ریلے کے ساتھ بہہ گئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم ان کے زندہ ملنے کے امکانات مفقود ہوگئے ہیں۔
اٹلی اور فرانس کے درمیان پہاڑی سلسلے کی شاہراہ پر اپنی کاروں میں سفر کرنے والے 16 سیاحوں کو ریسکیو اداروں نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے جن میں دو جرمنی کے شہری ہیں۔