اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے۔
کیرج فیکٹری اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ (ن) لیگ سے سوالات کئے جس کے جواب ابھی تک نہیں آئے، مریم نواز نے 10 ماہ ٹوئٹر اس لئے استعمال نہیں کیا شاید انہیں باہر جانے دیا جائے، اپوزیشن کی خواہش تھی کہ ایف اے ٹی ایف بل سے قبل نیب قانون ختم ہوجائے، ان لوگوں نے ملک کو اتنا لوٹا عمران خان کو مہنگائی کرنا پڑی، عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے لیکن ان کواین آر او نہیں دے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاست زوروں پر ہے لیکن اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان ایماندار آدمی ہیں وہ اپنے پانچ سال پورے کریں گے، اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت نہیں، لاہور میں جلسی کے بعد ان کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، 11 اکتوبر کا جلسہ 18تاریخ کو کردیا کیونکہ ان کا ساتھ کوئی نہیں دے رہا، پی ڈی ایم اندر سے متحد نہیں، سورج مشرق کے بجائے مغرب سے نکل آئے لیکن پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ 31 دسمبر سے 30جنوری کے درمیان (ن) سے (ش) نکلے گی اور ضرور نکلے گی، مریم نواز ایک عورت ہیں ان کا احترام ہم پر فرض ہے، مریم نواز بتائیں نیب آفس میں موبائل کیسے استعمال کرتی رہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں پنشن کے بہت برے حالات ہیں، کابینہ نے اجازت دی تو کل پنشن جاری کر دیں گے ، ریلوے پر 6.8 ارب ڈالرز خرچ کرنے جارہے ہیں، 7 گھنٹے میں ٹرین کراچی سے لاہور پہنچے گی، ایم ایل ون اپ گریڈیشن پر 90 فیصد مزدور ہمارے جب کہ 10 فیصد چینی ہوں گے۔