مسلم لیگ (ن) کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا ہے کہ یہ دن بھی آنا تھا کہ پاک فوج کی 38سال ملازمت کی تحریری تو بہت دور کی بات کبھی زبانی وارننگ بھی نہیں ملی، اب ہمارے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، پتہ نہیں ہم کدھر جا رہے ہیں،یہ فاشزم نہیں ہے تو پھر اور کیا ہے، اگر نواز شریف کی تقریر سننے والے غدار ہیں تو پھر وزیراعظم پر بھی اس حوالے سے غداری کا مقدمہ بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا اگر میاں نواز شریف یہ کہہ رہے ہیں کہ آئین کے ساتھ چلنا چاہیے تو اس میں آخرکارکیا مضائقہ ہے، قادر بلوچ بلوچستان میں (ن) لیگ کے صدر ہیں ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ چکوال میں ایک کیس تھا جس کے بارے میں میں نے ڈی پی او کو متعدد بار کہا لیکن مقدمہ درج نہیں ہوا، حیرانگی کی بات ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو بھی غداروں کی لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے یہ اچھی بات کہی کہ انہیں مقدمے کے بارے میں علم ہی نہیں تھا،اب وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے ایکشن لے نیز یہ بات بھی ہے کہ اگر وزیراعظم کو اس بات کا علم نہیں تو پھر وہ حکومت ہی نہیں کر رہے انہیں شاید یہ بھی نہیں پتا کہ اس اقدام کے کیا نتائج نکلیں گے۔