وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جلسے اور جلوسوں کا بنیادی مقصد کیا ہے سب جانتے ہیں، نواز شریف کیخلاف ایف آئی آر سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فرازنے مزارقائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفاد ہے، اپوزیشن اپنی کرپشن اورلوٹ مار سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو احتساب اور کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا، کرپشن کیسز میں ریلیف کیلیے حکومت پر دبائو ڈالا جا رہا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا تمام علاقوں کی یکساں ترقی حکومت کی ترجیح ہے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، عوامی مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہیں، کراچی کے مسائل کے حل کیلیے وفاقی حکومت نے پیکج کا اعلان کیا، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کریں گے، تمام اقدامات کا مقصد کراچی کے شہریوں کو ریلیف دینا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کراچی والوں نے انتخابات میں پی ٹی آئی والوں پر اعتماد کا اظہارکیا، کراچی کے عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا، کم وسائل کے باوجود کراچی کے مسائل کے حل کیلیے پرعزم ہیں، کورونا صورتحال میں معیشت کو دھچکا لگا، ترقی کی رفتار کم ہوئی، معیشت، کورونا و دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے بجائے مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ حکومت سندھ جزیروں کے معاملے کو سیاسی بنا رہی ہے، حکومت سندھ خود کوئی کام کرتی ہے نہ کرنے دیتی ہے، چاہتے ہیں جزائرپرترقیاتی کام ہو، غیر ملکی سرمایہ کاری آئے، وفاقی حکومت جزائر کے معاملے پرکوئی غیرآئینی اقدام نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا مہنگائی کی بات کو تسلیم کرتے ہیں، اس پر بھی قابو پایا جائے گا، ماضی کی حکومتوں نے ملکی اداروں کو کمزورکیا۔