سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹس گرفتاری کی تعمیل کے معاملے میں لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران نے تحریری بیان اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
نجی تی وی کے مطابق فرسٹ سیکریٹری دلدار علی ابڑو کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے کے سیکریٹری وقاراحمد نے انہیں کال کرکے کہا کہ وہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری نواز شریف کی پارک لین لندن رہائش گاہ پر وصول کرے گا،23 ستمبرکو دن گیارہ بجے ملنے کا کہا گیا ہے، وقارکو بتایا کہ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان وارنٹس کی تعمیل کے لیے آئیں گے، برطانیہ کے وقت کے مطابق 10 بج کر20 منٹ پر وقار نے کال کر کے وارنٹس وصولی سے معذرت کرلی۔
راؤ عبدالحنان کے مطابق وہ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر17 ستمبرکو شام 6 بج کر35 منٹ وارنٹس کی تعمیل کے لیے گئے، نواز شریف کے ذاتی ملازم محمد یعقوب نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکارکیا، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی بائی ہینڈ تعمیل نہیں ہو سکی۔