قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2019 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرزمیں اجلاس ہوا۔ جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیب کو سال 2019 میں مجموعی طور پر 51 ہزار 591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 46 ہزار123 شکایات کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا۔
نیب نے سال 2019 میں ایک ہزار 464 شکایات پر جانچ پڑتال کی منظوری دی جن میں سے ایک ہزار 362 شکایات کی جانچ پڑتال کو قانون کے مطابق مکمل کیا گیا۔
نیب نے سال 2019 میں 574 انکوائریوں کی منظوری دی جبکہ 658 انکوائریوں کو مکمل کیا گیا۔ اسی طرح نیب نے سال 2019 میں 221 انویسٹی گیشنزکی منظوری دی جن میں سے 217 انوسٹی گیشنز پر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی گئی۔
نیب نے سال 2019 میں 206 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کیے اور بدعنوان عناصرسے 363 ارب روپے برآمد کیے۔ احتساب عدالتوں میں نیب کے ایک ہزار 230 بدعنوانی کے ریفرنس زیرسماعت ہیں جن کی کل مالیت تقریباََ 943 ارب روپے ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 57 ریفرنسز کو قانون کے مطابق نمٹا دیا۔ اس وقت 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 10 انکوائریوں اور15 انویسٹی گیشنزتکمیل کے مراحل میں ہیں۔
اس کے علاوہ جن مقدمات میں عدالتوں نے حکم امتناہی جاری کر رکھا ہے ان کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں احتساب عدالتوں میں دائرکی جائیں گی۔