کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ استعفے دینا آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم استعفے قبول کرکے نئے الیکشن کرادیں گے۔
میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ میڈیا کو آج مشکلات کا سامنا ہے لیکن صحافی اپنے نظریے پر قائم ہیں جو قابل تحسین ہے۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کو مسلسل جدوجہد کے بعد کامیابی ملی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم کی جدوجہد 22 سال کی انتھک محنت سے عبارت ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ احساس کیش پروگرام میں سیاسی مداخلت نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی دولت کو بچا رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کا مقصد لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کےعلاوہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں ان لوگوں کو این آر او نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ںے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا دو سال میں پاکستان تحریک انصاف نے سب کچھ تباہ کردیا؟
میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں کرپشن کی لمبی داستانیں چھوڑ کرگئی ہیں جنہیں ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں ںے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن اپنی تحریک سےعوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے لوگوں کے اپنے مسائل ہیں۔
وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فی الحال کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرڈی ننس آئین کے عین مطابق ہے۔
انہوں ںے کہا کہ سندھ کوجزائرمنصوبے سے خوش ہونا چاہیے کیونکہ مقامی لوگوں کو روزگارملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے اور ہم یہاں کے لوگوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔