جاتی امرا میں صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کی ملاقات کے دوران گفتگو
جاتی امرا میں صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کی ملاقات کے دوران گفتگو

عوام دشمن حکومت سے قوم کے لیے بڑا ریلیف ہوگا، مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت سے نجات ملک و قوم کے لیے سب سے بڑا ریلیف ہوگا۔
جاتی امرا میں صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر کو مبارکباد بھی پیش کی۔
پی ایم ایل (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ مولانا کی قیادت میں عوام آزادی مارچ کا ولولہ انگیز مرحلہ دیکھ چکے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ہم سب اور عوام اس فیصلے پر بیحد خوش ہیں کہ پی ڈی ایم کی سربراہی مولانا کررہے ہیں۔
مریم نواز نے میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کی جانے والی شدید مذمت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ گرفتاری قومی تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کو نواز شریف کا بھائی ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔
مریم نواز نے میاں شہباز شریف کو ضمیر اور وفا کا قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین کی امانت اب اگلی نسلوں کو منتقلی ہم سب کے کاندھوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اور آئینی شناخت کے حامل پاکستان کی آنے والی نسلوں کو منتقلی فیصلہ کن مرحلے میں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئین کی پاسداری اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آج ملکی معیشت تباہ ہے، عوام تاریخ کی بدترین مہنگائی کا شکار ہیں، آٹا، چینی، خوراک اور بجلی و گیس سمیت ہر چیز مہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس وقت تعلیم تو دور کی بات ہے لوگ دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور ادویات کی چوری پر خاموش ہوجائیں تو یہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ انہیں حکمرانوں سے نجات دلائی جائے۔