کوآرڈینیٹراین ایل سی سی لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز کا کہنا ہے کہ ملک سے ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل معظم اعجازکا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے مئی میں صورتحال تشویشناک تھی تاہم ٹڈی دل اگست میں کم ہونا شروع ہوا اوراب ملک سے ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا ہے، یہ لوکسٹ واریرزکی انتھک محنت سے ممکن ہوا۔
جنرل معظم اعجازنے کہا کہ وفاقی وزیر سید فخر امام کے عزم کی وجہ سے وفاق اور صوبے منظم کوشش کرتے رہے جب کہ ہم صوبوں کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے ہر سطح پر انسداد ٹڈی دل پرکام کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے بھی این ایل سی سی کی بہت مدد کی، وزارت خارجہ نے سفارتی تعاون میں بہترین حکمت عملی اپنائی جبکہ ایف اے او کی مشاورت نے انسداد ٹڈی دل میں ہمارا بہت ساتھ دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا اور ٹڈی دل کے چیلنجز پر قابو پانے کیلیے کامیاب حکمت عملی اپنائی، ٹڈی دل کے چیلنج پرقابو پانا باعث مسرت ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھرپور حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے آغاز پر ہمارے پاس حفاظتی سامان کی کمی تھی، کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں کئی مثبت چیزیں بھی سامنے آئی ہیں تاہم کورونا کے حوالے سے اب بھی خدشات موجود ہیں۔