تھانہ شاہدرہ میں چوری کے الزام میں گرفتار شہری کو مبینہ طور تشدد کرکے ہلاک کردیاگیا جس کے خلاف لواحقین سراپا احتجاج تھے جبکہ انکوائری کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، احتجاج اور میڈیا کوریج پرشاہدرہ پولیس آپے سے باہر ہوگئی اورکوریج کے لیے گئے صحافیوں کو بھی زبردستی تھانے منتقل کردیا۔
گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین کا پولیس کے خلاف احتجاج دوسرے روز جاری رہا، میڈیا کے نمائندے کوریج کے لیے پہنچے تو پولیس نے میڈیا نمائندوں کو کوریج کرنے پردھمکیاں دیں اورورثا سمیت میڈیا نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور گھسیٹ کر تھانہ لے گئی۔
یادرہے کہ اس سے قبل مقتول غلام حسین اوکاڑہ کا رہائشی تھا،اورشاہدرہ انوسٹی گیشن ونگ کی پولیس کی زیر حراست تھا کہ گزشتہ رات پولیس کے مبینہ تشددسے اس کی اچانک حالت بگڑ گئی اسے مقامی ہسپتال لیجایا گیا کہ وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی توحید الراحمن موقع پر پہنچے توانچارج انویسٹی گیشن شبیراعوان اور تفتیشی افسر تھانہ سے غائب ہو گئے تھے۔