سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہا شاہ خودکشی کیس کے ملزمان جنید اور وقاص کی 2 مختلف مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
ڈاکٹر ماہا خود کشی کیس کے مفرور ملزمان نے احاطہ عدالت سے فرار ہونے کےجرم میں ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پرعدالت نے ملزم جنید اوروقاص کی 25، 25 ہزار روپے کے عوض 12 نومبر تک ضمانت منظورکرلی جبکہ عدالت نے ملزمان کو 10 روز میں متعلقہ کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سٹی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر پولیس کی تحویل سے فرارہوگئے تھے، پولیس کی جانب سے کیس میں جنید اور وقاص کو فرارکرانے والے 8 نامعلوم سہولت کاروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس کے مقدمے میں بھی عدالت نے ملزمان جنید اور وقاص کی ضمانت ایک ایک لاکھ روپے کے عوض منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد آصف علی شاہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں ملزم جنید اور وقاص نامزد ہیں۔