ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن1101 پر دیں، رینجرز کی عوام سے اپیل
ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن1101 پر دیں، رینجرز کی عوام سے اپیل

رینجرز کی کارروائی‘ انتہائی مطلوب بھتہ خور گروہ کے 4 ملزم گرفتار

کراچی: رینجرزنے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ریڈ تھارولین میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب بھتہ خورگروہ کے4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر گارڈن ویسٹ کے علاقے ریڈ تھارولین میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب بھتہ خور گروہ کے 4 ملزمان محمد فیصل، شاہ جہان بلوچ، اعجاز احمد اورعثمان غنی کو گرفتار کرلیا، دوران آپریشن سندھ پولیس کی مدد بھی حاصل کی گئی۔
ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق گرفتار ملزمان بھتہ وصولی کی متعدد وارداتوں کے ساتھ ساتھ منشیات اور گٹکے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں بھی ملو ث ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ لیاری گینگ وارکے بدنام زمانہ دہشت گرد جمیل چھانگا کے لیے کام کرتے ہیں اور اس کے نام پر پرنس ایوینیو، پلاٹینیم بلڈنگ، لاکھانی بلڈنگ اور تھارو لین کے دیگر علاقوں سے بلڈنگ مینٹیننس کے نام پر ماہانہ 20 سے 25 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے، ملزمان بھتے کی رقم جمیل چھانگا کے قریبی ساتھی عمیر بلوچ عرف بھیا کو دیتے ہیں اور عمیر بھیا بھتہ کی رقم جمیل چھانگا کو دبئی بھیجتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بھتہ نہ دینے پر علاقے کے لوگوں کو ہراساں کرنے میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 9001111-0347 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں جب کہ اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔