پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسچیانو رونالڈو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو اس وقت اپنی قومی ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں۔
پرتگال کو نیشن لیگز میں سوئیڈن کے خلاف مدِ مقابل آنا ہے، تاہم اب کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کرسچیانو رونالڈو ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق رونالڈو ٹیم کو چھوڑ کر آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ 35 سالہ اسٹار میں کورونا وائرس کی کوئی علامت سامنے نہیں آئی ہے، وہ بہتر ہیں اور انھوں نے آئسولیشن اختیار کی ہوئی ہے۔
ادھر کرسچیانو رونالڈو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور اسٹاف ممبران کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل رونالڈو میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے جہاں کورونا وائرس کی ایس او پیز کو نظر انداز کرتے ہوئے انھوں نے چہرے پر ماسک نہیں لگایا تھا۔
تاہم اسی دوران انتظامیہ کی جانب سے یاد دہانی کروانے پر رونالڈو نے ماسک پہنا تھا۔