اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ارب کی ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدر آصف کی عبوری ضمانت میں 5 نومبرتک توسیع کردی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں 8 ارب کی ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی ،فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔
فاروق ایچ نائیک نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سابق صدر آصف زرداری بیمار ہیں، بیٹھے ہوں تو اٹھا نہیں جاتا، سردار مظفرعباسی نے کہاکہ جب کیس انکوائری اسٹیج پر تھا تو وارنٹ جاری نہیں کیے گئے ،اب آصف زرداری کےخلاف کافی مواد اکٹھا کیا جا چکا ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سابق صدر پہلے ہی ضمانت پر ہیں ،نیب نے 4 ریفرنسز دائر کیے ہیں ،2 ریفرنسز میں چیف جسٹس نے ضمانت منظورکی، آصف زرداری کل تک ہسپتال میں زیرعلاج تھے آپ کی اپڈیٹ نہیں ،سابق صدر آصف زرداری اس وقت ہسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔اسلام آبادہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعدآصف زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع 5 نومبر تک کردی۔