امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کو آدھا کرکے دکھانا اداروں کی زیادتی ہے۔
جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک اور کراچی ریفرنڈم کے حوالے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ کئی وکلاء نے کراچی ریفرنڈم میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کراچی تحریک میں ہم عوامی رائے لے رہے ہیں، کراچی کی آبادی کو آدھا کر دیا گیا ہے، یہ زیادتی ہے جو اداروں کی طرف سے ہوئی، اُس وقت نواز شریف صاحب کی حکومت تھی، اگر کراچی کی آبادی کم دکھائی جارہی ہے تو پی ٹی آئی اور ن لیگ دونوں خوش ہیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کا کوئی والی وارث نہیں، اس شہر کو تقسیم در تقسیم کردیا گیا، وزیراعظم کے پیکجز خیرات ہیں، جبکہ ہمیں بااختیار شہری حکومت دی جائے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے لوگوں کو تقسیم کر رکھا ہے لیکن ہم ایک ہیں، پیپلز پارٹی یہ تو کہتی ہے کہ سندھ کی آبادی کم دکھائی گئی لیکن کراچی کی بات کریں تو تعصب کا مظاہرہ کرتی ہے، کے الیکٹرک کے سابق سربراہ تابش گوہر کو وزیراعظم کا مشیر بنا دیا گیا جو ظلم ہے۔