ڈیفنس گزری کے رشید گبول اور سردار اسلم گبول کے قبضے سے رائل سیکر فالکنز نسل کے 74باز اور ایک نایاب تلور بر آمد ہوا
ڈیفنس گزری کے رشید گبول اور سردار اسلم گبول کے قبضے سے رائل سیکر فالکنز نسل کے 74باز اور ایک نایاب تلور بر آمد ہوا

دنیا کی تیز ترین نسل کے بازوں کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ بے نقاب

رپورٹ : عمران خان

کراچی میں 20کروڑ روپے مالیت کے نایاب بازوں کی اسمگلنگ میں ڈیفنس گزری کے رشید گبول اور سردار اسلم گبول ملوث نکلے جن کے قبضے سے رائل سیکر فالکنز نسل کے 74باز اور ایک نایاب تلور بر آمد ہوا یہ باز دنیا کے تیز ترین پرنے تصور کئے جاتے ہیں اور ان کی نسل معدومی کے خطرات سے دوچار ہے ،،مذکورہ افراد کے خلاف کارندوں کو جمع کرکے کسٹم ٹیموں پر حملے کرنے کے حوالے سے کارروائی شروع کردی گئی ہے.

 کسٹم کلب میں کلکٹر پریونٹو ثاقف سعید نے تفصیلات سے آگاہ کررہے ہیں
کسٹم کلب میں کلکٹر پریونٹو ثاقف سعید نے تفصیلات سے آگاہ کررہے ہیں

کسٹم کلب کراچی میں کلکٹر پریونٹو کراچی ثاقف سعید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کسٹم پریونٹو کلکٹریٹ کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے ایڈیشنل کلکٹر ہارون ملک کے زیر نگرانی سپرٹنڈنٹ افتخار حسین کی سربراہی میں 14اور 15اکتوبر کی درمیانی شب کو خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے ڈیفنس کے علاقے گزری میں بااثر شخصیات کے ڈیرو ںپر خفیہ اطلاع پر چھاپے مار کر 20کروڑ روپے مالیت کے نایاب باز اور پرندے قبضے میں لے لئے یہ مبینہ طور پرپرندے رشید گبول اور سردار اسلم گبول کے ہیں جنہوں نے کسٹم کارروائی پر ثر انداز ہونے کے لئے اپنے کارندوں کو جمع کیا ،کارروائی کے دوران کسٹم کی ٹیموں کو با اثر شخصیات کے مسلح کارندوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا جوکہ کسٹم کی ٹیموں کو ہراساں کرنے کے لئے پتھراؤ کرتے رہے جس کے بعد فائرنگ بھی ہوئی بعد ازاں نایاب بازوں اور پرندوں کو کسٹم اے ایس او کے ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا بااثر شخصیات کے کارندوں اور ان کے خلاف کسٹم افسران پر حملے کرنے اور بازوں کی اسمگلنگ کے حوالے سے مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے ،کلکٹر ثاقف سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے تحفظ جنگلی حیات کا دستخط کنندہ ہے اس لئے پاکستان میں ایسے نایاب اور خطرے کے خدشات سے دوچار پرندوں کی خرید و فروخت ممنوع ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ اعداد وشمار اور رپورٹیں یہ بتاتیں ہیں کہ دنیا میں منشیات کی اسمگلنگ کے بعد سب سے زیادہ پیسہ پرندوں اور جانوروں کی اسمگلنگ کے کاروبار سے کمایا جاتا ہے ،ایڈیشنل کلکٹر پریونٹو ہارون ملک کا کہنا تھا کہ پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑنے کا انتظام کیا جا رہا ہے جس کے لئے ابھی انہیں نگہداشت کے عمل میں رکھا گیا ہے ،ان کا کہنا تھاکہ پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑنے کے عمل کے حوالے سے بھی تفصیلات جاری کی جائینگی ۔